ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مدھیہ پردیش :بھوپال-اجین پیسنجر ٹرین میں دھماکہ، 9مسافر زخمی

مدھیہ پردیش :بھوپال-اجین پیسنجر ٹرین میں دھماکہ، 9مسافر زخمی

Wed, 08 Mar 2017 11:02:31  SO Admin   S.O. News Service

بھوپال، 7؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بھوپال سے 120کلومیٹر دور کالاپیپل میں جبڑی اسٹیشن کے قریب بھوپال-اجین پیسنجر ٹرین میں دھماکہ ہونے کی خبر ہے۔یہ ٹرین بھوپال سے اجین جا رہی تھی، دھماکہ صبح 9:30بجے کے قریب جنرل بوگی میں ہوا، اس دھماکہ میں 9افراد زخمی ہوئے ہیں۔وہیں اندور ریلوے کے سینئر افسربرائے تعلقات عامہ جتیندر کمار جینت نے بتایاکہ بھوپال سے اجین جا رہی پیسنجر ٹرین نمبر 59320کے ایک ڈبے میں جبڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب دھماکہ ہوگیا، جس میں چار مسافر زخمی ہو گئے ہیں ، انہیں علاج کے لیے کالاپیپل ہیلتھ مرکز لے جایا گیا ہے۔جینت کے مطابق، دھماکہ کس چیز سے ہوا، فی الحال یہ پتہ نہیں چل پایا ہے۔ریلوے کے سینئر افسران جائے حادثہ کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹرین میں دھماکے کی وجہ کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے، دھماکہ کی وجہ سے جنرل ڈبے کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کوچ میں دھواں پھیل گیا، دھویں کی وجہ سے ریل مسافروں میں افراتفری مچ گئی اور سبھی لوگ تیزی سے کوچ سے باہر نکل گئے۔مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ بھوپندر سنگھ نے میڈیا سے کہا ہے کہ بھوپال-اجین پیسنجر ٹرین کے جس ڈبے میں دھماکہ ہوا ہے، اس میں بارود (گن پاؤڈر) کی بو آ رہی ہے۔ واقعہ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں وزیر داخلہ نے کہاکہ یہ واقعہ سنگین ہے اور وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان خود اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں، پولیس ڈائریکٹر جنرل اور ریاست کی خفیہ شاخ کے افسران بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔ابتدائی معلومات میں جو بات سامنے آئی ہے، اس میں پتہ چلا ہے کہ کوچ میں گن پاؤڈر کی بو آ رہی ہے۔وزیر داخلہ سنگھ سے جب پوچھا گیا کہ کیا اس میں کسی دہشت گرد تنظیم یا سیمی کا ہاتھ ہونے کا خدشہ ہے ؟ انہوں نے کہاکہ اس واقعہ میں کون شامل ہے، اس تناظر میں ابھی کچھ بھی واضح طورپر نہیں کہا جا سکتا، لیکن اجین کا علاقہ ماضی میں سیمی کا گڑھ رہا ہے، لہذا اس خدشہ سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق ،اس واقعہ میں 25سے 45مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جنہیں کالاپیپل کے اسپتا ل میں داخل کرایا گیا ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شجال پور سے راحت رسانی اہلکاروں کی ٹیم پہنچ گئی ہے ،فی الحال ٹرین کے دو ڈبے الگ کرکے ٹرین کو منزل مقصود کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق، جب ٹرین سیہور اسٹیشن سے گزرکر کالاپیپل سے پہلے جبڑی اسٹیشن پر پہنچی تو گزشتہ پچھلے ڈبے میں دھماکے کے ساتھ آ لگ گئی۔عینی شاہدین کے مطابق ، لوگ جان بچانے کے لیے ٹرین سے کود گئے، لیکن جو پھنس گئے، وہ زخمی ہو گئے۔کچھ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موبائل فون چارج ہو رہے تھے ،اس میں سے کسی ایک میں دھماکہ ہوا ،جبکہ کچھ لوگون نے دعوی کیا کہ ایک سوٹ کیس میں دھماکہ ہوا ہے جو لاوارث تھا۔
 


Share: